سانحہ مظفرگڑھ ، 6افراد کی نماز جنازہ فیاض پارک میں ادا ، سپرد خاک کر دئیے گئے

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 12 فروری2020ء) سانحہ مظفرگڑھ میں جان بحق ہونے والے 8افراد میں سے 6افراد کی نماز جنازہ فیاض پارک مظفرگڑھ میں ادا کر دی گئی ہے مرحومین کی غوث حمزہ قبرستا ن میں تدفین کی گئی، نمازجنازہ میں صوبائی مشیر زراعت عبدالحئی خان دستی، آر پی او ڈیرہ غازی خان عمران احمر، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب خان ترین، ڈی پی او سید ندیم عباس، ممبر صوبائی اسمبلی مخدوم رضا بخاری، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب سمیت وکلا، سول سوسائٹی کے عہدیداران، انجمن تاجران معززین علاقہ اور ہزاروں افراد نے شرکت کی، مرحومین کی نماز جنازہ قاری زبیر نے پڑھائی، مرحومین میں 60سالہ محمد انور، 60سالہ غفوران بی بی، 40سالہ زاہدہ بی بی،10سالہ ثمرہ،8سالہ رمشہ اور ایک سالہ ام حبیبہ شامل ہیں، جبکہ جان بحق ہونے والے 2افراد کے نماز جنازہ ملتان میں ادا کی گئی۔قبل ازیں گزشہ رات ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین نے ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ میں داخل سانحہ میں زخمی ہونیوالے مریضوں کی عیادت کی اور لواحقین کو حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو تمام سہولیات اور ادویات مفت فراہم کی جائیں اس میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی برداشت نہیں کی جائیگی، انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کو متاثرہ خاندان کی معاونت کرنے کی سفارش کی گئی ہے، سانحہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق فرائض میں غفلت برتنے پر بلدیہ کے بلڈنگ انسپکٹر ابی طالب کو معطل کردیاگیا ہے، بلڈنگ میں کرایہ پر دکان حاصل کر کے بغیر اجازت و منظوری بلڈنگ میں ردو بدل کرنے پر دکاندار اور مستری کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گااور واقعہ کی مکمل تحقیق کرائی جائیگی، انہوں نے مزید کہا کہ ایکسین بلڈنگ سے ملحقہ عمارتوں کی حالت کے بارے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے رپورٹ کی روشنی میں ملحقہ عمارتوں کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔عمارت کے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے ریسکیو 1122اور میونسپل کارپوریشن کا عملہ دن رات اپنے کام میں مصروف ہے، مکمل ملبہ اٹھانے تک ریسکیوکا کام جاری رہے گا۔