مظفر گڑھ۔(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے معاشی ترقی حاصل کرنے کے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل در آمد شروع ہوچکا ہے ،سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ منصور احمد خان نے ایوان صحافت خان گڑھ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد عوام کو نہ صرف ریلیف ملے گا بلکہ جو توقعات عوام نے حکومت سے وابستہ کر رکھی ہیں وہ بھی انشا ء اللہ پوری ہونگی۔انہوں نے کہا کہ خزانہ کی حالت بہت خراب ہے، سابقہ حکومت نے ملکی خزانے کو بیدردی سے لوٹا اور کڑی شرائط پر مالیاتی اداروں سے قرضے لئے اور اب نئی حکومت کو مشکل کا سامنا ہے تاہم عوام ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں اور ایجنڈے کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے ہو سکیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان بھی مسلسل پنجاب کابینہ سے رابطہ میں رہتے ہیں اور ان سے کارکردگی بارے دریافت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا جب عمران خان وزیر اعظم بنے اور پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوئی تو دنیا میں پاکستان کا امیج بلند ہوا ہے غیر ملکی سرمایہ داروں نے پاکستان کا رخ کرلیا ہے اور اب انشاء اللہ پاکستان اقتصادی بحران سے جلد نکل جائے گا