ریسکیو1122 مظفرگڑھ نے عید الفطر کے حوالے سے اپنا ڈیوٹی پلان جاری کر دیا

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 اپریل2022ء) ریسکیو1122 مظفرگڑھ نے عید الفطر کے حوالے سے اپنا ڈیوٹی پلان جاری کر دیااس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظفرگڑہ ڈاکٹر حسین میاں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر نماز عید کے دوران ضلع بھر کی تمام بڑی عید گاہوں پر کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیشِ نظر ایمبولینسز اور فائر وہیکلز کے ہمراہ ریسکیو سٹاف ایمرجنسی کوور فراہم کرے گا،انہوں نے کہا کے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بھی ریسکیو 1122 کا تمام ایمرجنسی سٹاف مظفرگڑھ کی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئیے ڈیوٹی پر مامور رہے گا اور اس حوالہ سے ضلع بھر کے اہم مکامات پر کی پوائنٹس بھی تشکیل دے دئیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں رسپانس ٹائم کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے میڈیا کے توسط سے مظفرگڑہ کی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دوران عید اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ وہ اس دوران موٹر سائیکل ریس یا پھر ون وہیلنگ نہ کریں کیونکہ ہر بار عید کے موقع پر ایمرجنسیز میں بڑی تعداد ایسی ایمرجنسیز کی ہوتی ہے جو موٹر سائیکل کی تیز رفتاری اور ون وہیلنگ کے سبب وقوع پزیر ہوتی ہیں اور ان ایمرجنسیز کا شکار زیادہ تر نوجوان ہی ہوتے ہیں۔ 

اس لئیے بعد میں پچھتانے سے بہتر ہے کہ پہلے سے احتیاط برتتے ہوئے اپنے بچوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے،انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی ڈوبنے کی ایمرجنسیز میں واضح اضافہ دیکھا جا رہا ہے اسلئیے عیدالفطر کے موقع پر دفع 144 کا نفاذ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے تفریحی مقامات جو دریائوں اور نہروں کے کنارے پر واقع ہیں وہاں تفریح کے لئیے آئی عوام کو اور اسکے ساتھ ساتھ ایسے دیگر مقامات جہاں پر لوگ کشتی رانی اور نہانے کی غرض سے ادھر کا رخ کرتے ہیں وہاں انہیں کشتی رانی اور پانی میں نہانے سے روکا جا سکے۔ 

انہوں نے کہا کہ عید ایک خوشی کا تہوار ہے جس میں لوگ اک دوجے سے نہ صرف ملتے جلتے ہیں بلکہ پر لطف دعوتوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے لہٰذا روزوں کے فوراً بعد چٹ پٹے کھانوں کا بے دریغ کھانا اور بسیار خوری فوڈ پوائزننگ کا سبب بن سکتی ہے لہٰذا خوشیوں کے ان لمحات میں کھانے پینے کے دوران احتیاط سے کام لیں۔انہوں نے مظفرگڑھ کی عوام کو عید کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اللّہ سے دعا گو ہیں کہ یہ عید ہم سب کے لئیے خوشیوں اور مسرتوں کا باعث ہو۔