مظفر گڑھ۔6 اپریل(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 اپریل2018ء) پڑھا لکھا پنجاب کے خواب کی تکمیل کیلئے صوبہ کے ہر بچے کو سکول میں بروقت داخل کرانا وقت کی ضرورت ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے نئے تعلیمی سال کیلئے نرسری کلاس میں بچوں کے داخلہ مہم کے افتتاح کے موقع پر اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ امسال دو مراحل میں 1لاکھ25ہزار بچوں کو سکولوں میںمفت داخل اورانہیں مفت کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ سکول جانے والی عمر کے بچوں کے سکولوں میں داخلے کو یقینی بنائیں، ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ داخلہ مہم میں اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنیوالے اساتذہ کو ماہ مئی میں تعریفی اسناد دی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ اساتذہ طلبہ کو سکولوں میں اچھا ماحول فراہم کریں تاکہ بچے درمیان میں اپنی تعلیم مکمل کئے بغیر سکول نہ چھوڑیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور انہیں بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے بچوں کی سکول میں رجسٹریشن کر کے باقاعدہ مہم کا افتتاح کیا ۔