رجب طیب اردگان ہسپتال کا توسیعی منصوبہ 17مارچ تک مکمل کیا جائے گا،صوبائی وزیر برائے صحت

مظفر گڑھ۔21 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 فروری2018ء)صوبائی وزیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ کے توسیعی منصوبے پر جاری کام کو 17مارچ تک ہر حال میں مکمل کیا جائے گا،23مارچ کو زیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہسپتال کا افتتاح کریں گے جس کے بعد ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولت فراہم کر دی جائے گی، یہ بات انہوں نے رجب طیب اردگان ہسپتال کے توسیعی منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، کمشنر ڈیرہ غازی خان احمد علی کمبوہ ، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور بھی ان کے ہمراہ تھے، صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں کی عوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے یہ ہسپتال ایک سنگ میل کے حیثیت رکھتا ہے ، ہسپتال کے توسیعی منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف علاقے کی عوام فیض یاب ہوگی بلکہ ارد گرد کی اضلاع کی عوام کو بھی صحت کی جدید سہولیات میسر آئیں گی، انہوں نے ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ،لیبر کی تعدادمیں اضافہ کیا جائے اور دن رات شفٹوں میں کام کیا جائے تاکہ کام کو معینہ مدت میں مکمل کیا جاسکے، اس موقع پرصوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ، فرنیچر اور 85فیصد دیگر مشینری آچکی ہے جس کی تنصیب کا کام جاری ہے ، ایک ہفتے کے اندر مشینری نصب کردی جائے گی جس کے بعد انڈس ہسپتال کی مینجمنٹ ہسپتال کا سروے کرے گی اور ہسپتال کو انڈس ہسپتال مینجمنٹ کے حوالے کردیا جائے گا، بریفنگ میں بتایا کہ ہسپتال میں ایم آر آئی ، سٹی سکین ، جدید ایکسرے مشین، جدید الٹرا سائونڈ مشین ، جدید لیبارٹری اور جدید مشینری سے آراستہ آپریشن تھیٹر کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ کے ماہر ڈاکٹر کی او پی ڈی بنائی گئی ہے جبکہ 230بیڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔انڈس ہسپتال مینجمنٹ نے ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کی بھرتی مکمل کرلی ہے جو 10گھنٹے کے نوٹس پر اپنے ڈیوٹی پر حاضر ہوسکتے ہیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا ، مٹیریل اور کام کے معیار کا جائزہ لیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔