دوسری تھل جیپ ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس

مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 اکتوبر2017ء) دوسری تھل جیپ ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور کی. اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے اعلٰی حکام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطاء الحق, تمام تحصیلوں کے کمشنرز ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی, اورنگزیب سدھو, ظہور بھٹہ سیکریٹری آر ٹی ای, سی ای او تعلیم شمشیر احمد خان پنجاب ٹورازم کے نمائندے اور جیپ کلب کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سیف انور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی نومبر میں منعقد ہونے والی دوسری تھل جیپ ریلی کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جیپ ریلی کے انعقاد کے حوالے سے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔جیپ ریلی کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جیپ ریلی کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی جیپ ریلی میں ملک بھر سے تمام نامور کھلاڑی حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران اس سلسلے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ جیپ ریلی کے موقع پر شایقین کی آمد ورفت کے لیے بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کے تمام متعلقہ محکمے اپنا اپنا پلان مرتب کریں۔