مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 04 جولائی2023ء) ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے سبب دریائے چناب اور دریائے سندھ میں ممکنہ متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔تمام متعلقہ اداروں نے اپنا اپنا پلان تیار کرلیا ہے اور سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔یہ بات انہوں نے سیلاب کی صورتحال پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس سلسلے میں ماہرین سے رائے لی جائے گی اور اعلی احکام کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس پر کام کیا جائے اور ایک مستقل حل نکالا جائے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دریائی کٹاؤ سے بچاؤ کے لیے بھی حکمت عملی بنائی جائے اور اس پر ترجیح بنیادوں پر کام کیا جائے انہوں نے کہا کہ دریا کے قریبی علاقوں میں پرائیویٹ املاک کے مالکان کو آگاہ کیا جائے کہ وہ اپنا سامان بالخصوص چناب کنارہ میں لگے جھولے فوری طور پر اتار لیں تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ آبیاشی حفاظتی بندوں کا فٹنس سرٹیفیکیٹ جاری کرے۔تمام اسسٹنٹ کمشنرز ریلیف کیمپوں ک وزٹ کریں۔محکمہ صحت،محکمہ لائیو سٹاک اور محکمہ آبیاشی کے اہلکاروں کی ڈیوٹی کنٹرول روم میں بھی لگائی جائیں تاکہ عوامی شکایات کا بر وقت ازالہ کیا جا سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں ابھی پانی کی گنجائش موجود ہے تاہم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔