خاندانی منصوبہ بندی کے لیے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے ، ڈی ایچ اومظفرگڑھ

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 ستمبر2022ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رفیق بھٹی نے کہا ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی کے لیے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کی زیر اہتمام عالمی یوم مانع حمل کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ طبقہ خاندانی منصوبہ بندی، بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے اور ماں او ربچے کی اچھی صحت پر قائل ہوچکا ہے تاہم ابھی کم تعلیم یافتہ اور ناخواندہ افراد میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

محکمہ بہبود آبادی کے مراکز پر خاندانی منصوبہ بندی اور مانع حمل کے آسان اور تصدیق شدہ طریقہ کار کی آگاہی اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مطلوبہ مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر احسان قادر نے کہا کہ انٹر نیٹ کے اس دور میں اپنا پیغام عام آدمی تک پہنچانا بہت آسان ہوگیا ہے، سوشل میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے عام آدمی میں خاندانی منصوبہ بندی کا شعور بیدار کیا جا سکتا ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر بہبود آبادی فرزانہ کوثر نے کہا کہ عالمی یوم مانع حمل کے حوالے سے ضلع بھر میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور عوام تک خاندانی منصوبہ بندی کے پیغام پہنچایا گیا۔