مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی 05 جون2020ء) صوبائی سیکرٹری معدنیات پنجاب عامر اعجاز اکبرنے کہا کہ حکومت پنجاب کورونا کی وبا سے بچاؤ کیلئے عوام کو صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اور جامع اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا کی وباء سے بچاؤ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہم سب نے حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کر اتے ہوئے عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہے ۔یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین کے ہمراہ ضلع میں کورونا کی صورت حال پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ طیب اردوان ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا ہسپتالوں، بازاروں اور پبلک مقامات پر حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پی پر ہر ممکن عمل کو یقینی بنایا جائے، ماسک کے استعمال کو ضروری قرار دیا گیا ہے، ہر شخص گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کرے، ہاتھ دھونے کو معمول بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حفاظت کے تمام عملی اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے بتایا کہ طیب اردوان ہسپتال سمیت ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔کئی مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت رجب طیب اردوان ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عارف ضیاء گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جام آفتاب حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد یوسف الرحمن، ایم ای محمد عرفان اور ڈی ایف سی فرخ شہزاد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔