مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 15 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئرامجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں ضلع بھر میں مرحلہ وار تمام تعلیمی ادارے کھولے جارہے ہیں، تمام سکولوں اور کالجز میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے، یہ بات انہوں نے مختلف سکولوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق اور اسسٹنٹ کمشنر رانا محمد شعیب اور سی ای او تعلیم کوثر عباس بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سکول آنے والے طلباء وطالبات کو اس سلسلے میں مکمل آگاہی دیں اور ایس او پیز پر عمل کرنے کا پابند بنائیں، تما طلبائ و طالبات ماسک کا استعمال کریں اور کلاس روم میں طلبائ کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسی طرح ایس او پیز پر عمل کرتے رہے تو کورونا جیسی موذی وبا سے محفوظ رہیں گے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر مظفرگڑھ اور تحصیل آفس مظفرگڑھ کا بھی دورہ کیا اور ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیلداروں کے دیر سے آفس آنے پر برہمی کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ تمام تحصیلدار اپنے اپنے آفس میں وقت پر آئیں اس سلسلے میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔ عوام کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔