مظفر گڑھ۔3 اپریل(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کررہی ہے ، صوبہ کی عوام کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچارہی ہے ، صحت کے شعبہ میں نئے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں، جن سے عوام کو علاج معالجے کی سہولت اور مفت اعلیٰ معیار کی ادویات میسر آرہی ہیں۔یہ بات انہوں نے رجب طیب اردوان ہسپتال کے تعمیراتی کام کے معائنے کے دوران کہی ۔اس موقع پر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مظفرگڑھ کے لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین اور معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال میں 250 بستروں کا اضافہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور اس ہسپتال میں توسیع سے لوگوں کو بے پناہ سہولت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال پورے علاقے کی عوام کو جدید سہولتیں فراہم کررہا ہے۔اس ہسپتال میں ہر مریض کا مفت علاج ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترک حکومت نے 60بستروں پر مشتمل رجب طیب اردوان ہسپتال بنایا۔ پنجاب حکومت نے پہلے اس ہسپتال کو 120 بستروں تک بڑھایا اوراب پنجاب حکومت اس ہسپتال میں 250بستروں کا اضافہ کررہی ہے۔انشاء اللہ جلد ہسپتال کا توسیعی منصوبہ مکمل ہو جائے گااور عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی شروع کر دے گااوراس ہسپتال میں علاقے کے عوام کو شاندار علاج معالجہ میسر آئے گی۔