حکومتی احکامات کی خلاف ورزی، پرائیویٹ سکولوں نے سردی کی چھٹیاں نہ دیں

مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 دسمبر2018ء) حکومتی احکامات کے باوجود بھی ضلع بھر کے اکثرپرائیویٹ سکول نے سردیوں کی چھٹیاں نہ کیں،سکولوں کی انتظامیہ کی دھمکیوں کے باعث سخت سردی اور دھند کے باوجود والدین اپنے بچوں کو سکولوں میں بھیجنے پر مجبور ہوگئے ،محکمہ تعلیم نے کسی ایک بھی پرائیویٹ سکول کیخلاف کاروائی کرنا گوارا نہ کیا۔تفصیلات کیمطابق حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر کے سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی اداروں کو 31دسمبرتک سردیوں کی چھٹیاں دی گئی تھیں اور چھٹیاں نہ دینے والے سکولوں کیخلاف محکمہ تعلیم کو کاروائی کے احکامات جاری کیے گئے تھے،مگر ضلع مظفرگڑھ کے پرائیویٹ سکولوں نے حکومتی احکامات ہوا میں اڑادئیے ،حکومتی اعلان کردہ سردیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے قریب ہیں مگر تاحال اکثرپرائیویٹ سکول کھلے ہیں ،مظفرگڑھ شہر کے علاقوں ریلوے روڈ،جھنگ روڈ ،علی پور روڈ ،ڈیرہ غازیخان روڈاور ملتان روڈسمیت مختلف علاقوں میں پرائیویٹ سکول دھڑلے سے نہ صرف کھلے ہیں بلکہ بچوں کے والدین کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وٴْہ سخت سردی اور شدید دھند کے باوجود اپنے بچوں کو سکولوں میں بھیجیں۔شہر بھر میں پیف کے زیر انتظام بڑی تعداد میں چلنے والے سکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے بھی والدین کو اپنے بچوں کوسکول بھیجنے پرمجبور کیا جارہا ہے۔