حکومتی احکامات پر بروقت عملدرآمد سے ڈینگی کا سدباب ممکن ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمظفرگڑھ

مظفرگڑھ ۔ ( مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 مئی2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جام آفتاب حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب ڈینگی مچھر کی روک تھام کیلئے پرعزم ہے، تمام ادارے محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ڈینگی کے خلاف جہاد کریں، انہوں نے کہا حکومتی احکامات پر بروقت عملدرآمد سے ڈینگی کا سدباب ممکن ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔جام آفتاب نے محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور محکمہ کی کارکردگی کو سراہا۔ قبل ازیں ڈاکٹر فیاض کریم لغاری نے کہا کہ محکمہ صحت دیگر اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریگا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اقبال مکول ڈی ایچ او فوکل پرسن ڈینگی نے شرکاء اجلاس کو ڈینگی کے سدباب کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے ضلع بھر میں سروے کے دوران ڈینگی لاروا کی افزائش کے لیے موزوں جگہوں کی نشاندھی کر لی ہے اور وہاں پر احتیاطی تدابیر کے تحت سپرے اور لاروی سائیڈنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔