ج*میونسپل کارپوریشن اہلکاروں پر مبینہ تشدد، جمشید دستی پر مقدمہ درج

ٴْحکومت کے سیاسی آلہ کار بننے والے پولیس افسران کیخلاف عدالت سے رجوع کروں گا، جمشید دستی

مظفر گڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 18 اپریل2021ء) میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں پر مبینہ تشدد کرنے کی پاداش میں جمشید دستی پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی سمیت 5 افراد کے خلاف مظفر گڑھ کے تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق جمشید دستی کے خلاف مقدمہ میونسپل کارپوریشن اہلکار کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں درج کیا گیا، مقدمے کے متن کے مطابق حکومت کی ہدایات پر سڑکوں اور محلوں سے کوڑا کرکٹ اور بلڈنگ میٹریل اٹھوانے کا کام جاری ہے، ظفر کالونی سے بلڈنگ میٹریل اٹھوانے لگے تو جمشید دستی مسلح ہوکر ساتھیوں موقع پر پہنچ گئے، جمشید دستی اور اسکے ساتھیوں نے میٹریل اٹھانے سے منع کیا اور اہلکاروں پر تشدد کیا۔

دوسری جانب جمشید دستی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروارہی ہے، گزشتہ رات پولیس کی بھاری نفری نے میرے گھر پر چھاپہ مارا اور توڑپھوڑ کی، پولیس اہلکاروں نے گھر سے میری گاڑی، قانونی اسلحہ اور دیگر چیزیں بھی اٹھا لیں، مقدمے کے اندراج اور حکومت کے سیاسی آلہ کار بننے والے پولیس افسران کیخلاف عدالت سے رجوع کروں گا۔