تمام عارضی مویشی منڈیوں میں کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی 16 جولائی2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے ضلع بھر میں عارضی مویشی منڈیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں سے عوام قربانی کے جانور خرید سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کی مطابق تمام عارضی مویشی منڈیوں میں کورونا کی وبا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ عارضی مویشی منڈیوں میں جانوروں کے لئے سایہ دار جگہ، جانوروں کی خوراک اور پانی کے انتظام کے علاوہ جانوروں کے علاج معالجے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دور دراز سے آنے والے خریداروں کی موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی لئے پارکنگ کابھی انتظام ہر عارضی مویشی منڈی میں موجود ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی میں ہر خریدار اور جانوروں کے مالکان کو ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ہاتھوں پر دستانے پہننا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عارضی مویشی منڈیوں میں بچوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس نے بتایا کہ ہر منڈی میں میونسپل کمیٹی اور لائیو سٹاک کے اہلکار وں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیںکسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ محکموں کے افسران یا متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔