تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کی وکٹ اڑا لی

مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 مارچ 2019ء) تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کی وکٹ اڑا لی، پی پی پی کے ایم این اے نوابزادہ افتخار خان کا مستعفی ہو کر حکمران جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کی وکٹ گرنے کیلئے تیار ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے نوابزادہ افتخار خان کی قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے اور پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے خبریں گردش کرتی رہیں۔ ذرائع کے مطابق مطابق این اے 184 سے پیپلز پارٹی کے ایم این اے افتخار خان کیخلاف جمشید دستی اور مقامی بینک کے طرف سے ہائیکورٹ ملتان میں نااہلی کے لیے رٹ دائر کی ہوئی ہے جس میں افتخار خان پر الزام ہے کہ ان کے بیٹے نوابزادہ عمران نے مقامی بینک سے 65 لاکھ روپے قرض لیا جو تاحال واپس نہیں کیا گیا۔افتخار خان اپنے بیٹے کے ضامن تھے۔ ذرائع کے مطابق کیس کی مضبوطی کو دیکھتے ہوئے افتخار خان کی طرف سے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دینے اور پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے دوستوں سے مشاورت جاری ہے اور جلد استعفیٰ دیئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں مظفر گڑھ کے حلقہ این اے 184 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر افتخار خان 54778 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ملک کریم کسور لنگڑیال 41673 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ جمشید دستی 40329 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس حلقے میں تحریک انصاف کی امیدوار سیدہ زہرا باسط بخاری تھیں جو 34929 ووٹ حاصل کرسکی تھیں۔ اسی حلقے میں ن لیگ کے سید ہارون احمد سلطان صرف 5730 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔