مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 25 جولائی2019ء) تاجر برادری کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے اور پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ تاجروں کے تحفظ کے لیے قربانیوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ تجارتی مراکز میں پولیس کے موثر گشت کے نظام کے لیے مظفرگڑھ میں بھی ڈولفن فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جس کے مثبت نتائج مل رہے ہیں۔ پولیس اور تاجروں میں اعتماد کی فضا مضبوط اور دوستانہ بنانے کے لیے ہمیشہ تاجر تنظیموں کو اہمیت دی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازیخان عمران احمر نے ڈی پی او آفس مظفرگڑھ میں پاکستان تحریک انصاف سٹی مظفرگڑھ کے صدر اور تاجر رہنما مون شیخ کی قیادت میں آنیوالے تاجروں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا مظفرگڑھ کے تمام بازاروں کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جبکہ مزید تاجروں کے تحفظ کے لیے پنجاب پولیس میں مزید اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معشیت مضبوط کرنے میں تاجر برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے اور تاجر بھی پولیس کے افسران و اہلکاران سے تعاون کرتے ہوئے محفوظ معاشرے کے قیام کو ممکن بنائے جو ہم سب کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سٹی صدر اور تاجر رہنما مون شیخ نے آر پی او ڈیرہ غازیخان کو شہر کے وسط میں قائم پرانا تھانہ سٹی کی عمارت کو بحال کرنے کی تجویز دی جس پر ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر نے بتایا کہ تھانہ سٹی کی پرانی عمارت کو جلد بحال کرکے اس عمارت میں ڈولفن فورس کا دفتر بنایا جارہا ہے۔
اس موقع پر تاجر رہنما راؤ امجد نے کمیٹی چوک پر قائم پولیس لائنز کی قیمتی زمین پر کرشل مارکیٹ تعمیر کرنے کی تجویز دی جس پر آر پی او نے جلد عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔