بجلی چوروں کے خلاف خصوصی ٹیموں اورٹاسک فورسز کاایکشن جاری ہے،ایس ای میپکو

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 اکتوبر2019ء) سپرنٹنڈنگ انجینئرمیپکو سرکل مظفر گڑھ انجینئرمہرنذر محمد ڈب نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف خصوصی ٹیموں اورٹاسک فورسز کاسخت ترین ایکشن جاری ہے ماہ اکتوبرکے 8دنوں میں 124بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں مختلف طریقوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے میپکوسرکل مظفرگڑھ میں پکڑا گیا اور ان کو 198357یونٹ32 لاکھ60 ہزار روپے جرمانہ کیا گیاہے اور98بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر متعلقہ تھانوں میں درج کروائی گئی ہے۔میپکوسرکل مظفرگڑھ میں بجلی کی چوری روکنے کے لیے اقدامات مزیدسخت کئے جا رہے ہیں۔سپرنٹنڈنگ انجینئرنے میپکوصارفین سے بھی کہاہے کہ بجلی چور ملک اور قوم کے ہی نہیں بلکہ میپکوصارفین کے بھی دشمن ہیں۔آو مل کر ان قومی مجرموں کا محاسبہ کریں اورصارفین میپکو سرکل مظفرگڑھ کی طرف سے بنائی گئی خصوصی ٹیموں اورٹاسک فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میپکوسرکل مظفرگڑھ میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔