بااثر زمیندار نے حکم نہ ماننے پر غریب نوجوان پر انسانیت سوز سلوک کی انتہا کردی

مظفر گڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔30مارچ 2020ء، نمائندہ خصوصی، حماد رضا) ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل میں بااثر زمینداروں نے غریب نوجوان پر ظلم و زیادتی کے پہاڑ توڑ ڈالے۔تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے ڈمر والا میں بااثر زمیندار عارف ڈمر نے غریب نوجوان کلیم کو اپنی ناراض بیوی کو واپس لانے کا حکم نہ ماننے پر انسانیت سوز سلوک کی انتہا کردی اور غریب نوجوان کو اپنے ڈیرے پر لیجاکر برہنہ کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اس دوران بااثر زمیندار نے اپنے حواریوں کے ذریعے تشدد کا شکار نوجوان کی برہنہ ویڈیو بھی بنوائی اور جب نوجوان کی بہیمانہ تشدد سے حالت غیر ہوگئی تو زمیندار نے نوجوان کو شدید زخمی حالت میں رکشہ پر ڈال کر ہسپتال بھجوادیا۔
تشدد کا شکار نوجوان کے جسم پر زمیندار کی طرف سے کیے جانیوالے تشدد کے نشانات واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ تھانہ صدر علی پور نے زمیندار جام عارف ڈمر اور اسکے ساتھیوں کے خلاف اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔