مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 مارچ2023ء) مظفرگڑھ کے رہائشی ایک شخص نے گھریلو تنازعات کی وجہ سے اپنی کمسن بیٹی سمیت نہر میں کود کر خودکشی کر لی۔ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں ہیڈپنجند کے مقام پر محلہ کٹڑہ احمد خان احمد پور شرقیہ ضلع بہاولپور کے رہائشی 52 سالہ محمد سلیم نے گھریلو تنازعات کی وجہ سے اپنی 3 سالہ بیٹی زویا کو اپنے سینے کے ساتھ باندھ کر ہیڈپنجند سے نکلنے والی عباسی کینال میں ابوظہبی برج سے چھلانگ لگا دی تھی۔
ریسکیو سٹاف نے جائے حادثہ پر پہنچ کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے سکوبا(SCUBA)کی مدد سے سرچ آپریشن کیا اور بوٹ کے ساتھ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔واٹرریسکیو اینڈ سرچ ٹیم نے سکوبا اور بوٹ کی مدد سے دو گھنٹے سرچ آپریشن کے دوران ایک کلو میٹر ایریا سرچ کیا لیکن کامیابی نہ مل سکی اور اندھیرا چھا جانے کی وجہ سے سرچ آپریشن ملتوی کر دیاگیا۔ریسکیو سرچ ٹیم نےدوبارہ آپریشن شروع کر دیا ہے لیکن تاحال لاشوں کی تلاش میں کامیابی نہیں ہوئی ہےاور سرچ آپریشن جاری ہے۔