اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا،چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود

مظفر گڑھ۔17جنوری(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 جنوری2020ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود نے کہا ہے کہ میپکو ڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی اورلائن لاسزکوکم کرنے کے اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ڈیڈڈیفالٹرز سے واجبات کی وصولی،رننگ ڈیفالٹرز سے بلوں کی ادائیگی کے لیے سخت ترین اقدامات کئے جائیں اور ڈیفالٹرز کے کنکشنز فوری طور پرمنقطع کئے جائیں۔بجلی چوروں کو نہ صرف جرمانے کئے جائیں بلکہ ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی جائے۔ فیلڈافسران اپنی کارکرد گی کو مزید بہتر بنائیں لائن لاسز کو فیڈرز کی سطح پر کنٹرول کریں۔ لائن سٹاف اپنی قیمتی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ٹرپنگ،شٹ ڈاون اورشکایات کے ازالہ کیلئے اپنی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں اور بغیر سیفٹی آلات لائنوں پر ہرگزکام نہ کریں۔یہ باتیں انہوں نے میپکوڈویڑن لیہ کے دورے کے موقع پر میپکو ڈویڑن لیہ کے افسران سے میٹنگ کے دوران کیں۔انہوں نے کہا کہ ایکسین اور ایس ڈی اوزخود فیلڈ میں نکلیں،لائن لاسز اور واجبات کی وصولی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کریں۔ انہوں نے کہاکہ تمام افسران صارفین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں تاکہ میپکو کا امیج لوگوں کی نظر میں بہتر ہو سکے۔اس موقع پرجی ایم آپریشن میپکوانجینئر ناصررشید،سپرنٹنڈنگ انجینئرمیپکو سرکل مظفر گڑھ انجینئرمہرنذر محمد ڈب،ڈائریکٹرکمرشل میپکوہیڈکوارٹررفیق عابد،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد نعیم اخترسامٹیہ، ایکسین میپکوڈویڑن لیہ محمدبلال خان، ڈی سی ایم اظہار علی اور میپکو ڈویڑن لیہ کے ایس ڈی اوزبھی موجودتھے۔