اوورسیز پاکستانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا،غلام مرتضیٰ رحیم کھر

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی 18 جنوری2020ء) چیئر مین ضلعی اوور سیز کمیٹی مظفرگڑھ غلام مرتضیٰ رحیم کھر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، ان کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے عملی اقدمات کئے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے ضلعی اوور سیزکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین بھی ان کے ہمراہ تھے،چیئر مین ضلعی اوورسیز کمیٹی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سیاست کو خدمت کا درجہ دیا ہے، پہلے بھی عوام کی خدمت کرتے رہے ہیں اوراب بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں ضلع کی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی تمام مسائل کو قانون اور میرٹ پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدمات کئے جاتے ہیں۔ اجلا س میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے پیش کردہ درخواستوں پر سماعت کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اب تک کمیٹی کو104درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس میں سے 67سے زائد درخواستوں پر فیصلے کئے جاچکے ہیں، 17 درخواستیں عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جبکہ 7محکمہ اشتعمال اور بندوبست میں زیر سماعت ہیں، آج کے اجلاس میں 15درخواستوں پر سماعت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جن درخواستوں پر فیصلے ہوچکے ہیں ان پر فوری عملدآمد کو یقینی بنایا جائے، جن فریقین نے آپس میں معاملات خود طے کر لئے ہیں وہ اپنا تحریری بیان کمیٹی میں جمع کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا جن اوورسیز پاکستانیوں نے کمیٹی میں درخواست دی ہے وہ اپنی یا اپنے نمائندے کی شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید بتایا کی اب سائلین ضلعی سطح پر بھی اپنی درخواستیں اے ڈی سی ریونیو کے آفس میں جمع کراسکتے ہیں۔