مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 05 جولائی2023ء) ضلع مظفرگڑھ ایک پر امن ضلع ہے جس کا سہرا یہاں کے جید علماء کرام اور عوام کے سر ہے۔اس امن کو پائیدار بنانا اور مستقل قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے امن کو دیر پا بنانے کیلئے اپنے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرنا ہے اور کسی دشمن کو امن کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام روایتی جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد تمام مکاتب فکر کے علماء میں ہم آہنگی،اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا ہے اور مسائل کی نشان دہی کرنا ہے تاکہ انتظامیہ متعلقہ اداروں کی معاونت سے مسائل کو فوری حل کر سکے۔