آفت کی اس گھڑی میں ہم ترکی اور شام کے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑہ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 فروری2023ء) ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ترکی اور شام میں حالیہ زلزلے نے بڑی تباہی مچائی ہے، آفت کی اس گھڑی میں ہم اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلعی محکموں کے سربراہان کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی حکومت اور عوام نے پاکستان کی ہر موقع پر مدد کی ہے،ہم بھی مصیبت کی اس گھڑی میں شام اور ترکی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے اپیل کی کہ مظفرگڑھ کی عوام، سول سوسائٹی، تاجران سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ترکی اور شام کی عوام کی دل کھول کر مدد کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات وزیر اعظم پاکستان کے ریلیف فنڈ میں اپنے عطیات جمع کراسکتے ہیں

انہوں نے کہا کہ موسمی حالات کے پیش نظر ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کو کمبل اور راشن کی اشد ضرورت ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ میں فوکل پرسن برائے امدادی فنڈ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عمران شمس کو بنایا گیا ہے، امدادی سامان ان کے دفتر میں بھی جمع کرایا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے ضلعی محکموں کے سربراہان کو کہا کہ تمام افسران اپنے پیشہ وارانہ فرائض ذمہ داری سے سرانجام دیں،میرے سمیت تمام افسران پبلک سرونٹ ہیں، اس لئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل میں رکاوٹ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اشیاء خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے،ناجائز منافع خوروں، گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ پیٹرول پمپ کا بھی معائنہ کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو بھی سرکاری نرخ پر فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ میں خود بھی کام کرتا ہوں اور اپنے افسران سے کام بھی لیتا ہوں۔کام نہ کرنے والے افسران کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں۔