کھلی کچہریوں کا مقصد صارفین کی شکایات کا ازالہ بروقت ان کی دہلیز پر جاکر کرناہے

مظفر گڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 04 اگست2019ء) سپرنٹنڈنگ انجینئرمیپکو سرکل مظفر گڑھ انجینئرمہر نذرمحمدڈ ب نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد صارفین کی شکایات کا ازالہ بروقت اورصارفین کی دہلیزپر جاکر کرناہے۔
میپکو صارفین بجلی حادثات سے بچاؤکے لئے بارشوں میں احتیاط برتیں، بجلی تنصیبات سے دور رہیں اور اپنے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں کے ساتھ نہ باندھیں، پول میں کرنٹ آنے کی صورت میں فوری میپکو سرکل،ڈویڑن،سب ڈویڑن کے کمپلینٹ سنٹرز سے رابطہ کریں، میپکو سرکل مظفر گڑھ میں بجلی چوروں سے کوئی رعائت نہیں کی جائے گی چاہے وہ کتنے ہی باء اثر کیوں نہ ہوں۔

یہ باتیں انہوں نے میپکو سب ڈویڑن آفس چوک سرور شہید میں کھلی کچہری سے خطاب کے دوران کیں۔اس موقع پر 19 صارفین نے میپکو سے متعلقہ شکایات کی درخواستیں دیں جن کو حل کرنے کے احکامات موقع پر ہی سپرنٹنڈنگ انجینئرنے جاری کئے۔ان میں سے زیادہ تر شکایات خراب میٹر کی تبدیلی،پول کی تبدیلی اور بل کی درستگی کے متعلق تھیں۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر نے میپکو ملازمین کو ہدایات دیں کہ وہ صارفین کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آئیں تاکہ میپکو کا امیج صارفین کی نظر میں بہتر ہو سکے۔