مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 01 مارچ2023ء) ملک بھر کی طرح کوٹ ادو میں بھی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری و خانہ شماری کا ریسکیو 1122 آفس سے آغاز کردیا گیا ۔ڈپٹی ڈی ای او کوٹ ادو نوید عبداللہ اور ڈی ای او سیکینڈری ایجوکیشن کوٹ ادو عبدالشکور خان نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوٹ ادو میں مجموعی طور پر ساتویں اور پہلی ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مہم یکم اپریل تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم قومی فریضے کو سرانجام دینے کےلئے تحصیل کوٹ ادو کےلئے 390 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن کی 58 سپروائزرز نگرانی کریں گے۔انہوں نے بتایا کی ڈیجیٹل مردم شماری کے زریعے ڈیٹا فوری طور پر آگے فاروڈ اور اپ ڈیٹ ہوتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مردم و خانہ شماری میں حصہ لینے والی ٹیموں کی سیکیورٹی کےلئے پولیس کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ڈی ای او ایجوکیشن نے شہریوں سے مردم شماری ٹیموں کے ساتھ تعاون اور درست معلومات فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ درست ڈیٹا کی مدد سے ہی قومی سطح پر درست منصوبہ بندی اور وسائل کی صحیح تقسیم ہو سکے گی۔