کوٹ ادو میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے شیڈول کے مطابق بجلی بند کی جارہی ہے، غیر اعلانیہ بندش کا تاثر درست نہیں، ایس ای میپکو

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 24 جون2020ء) سپرنٹنڈنگ انجینئر میپکو سرکل مظفرگڑھ انجینئر مہر نذر محمد ڈب نے کہا ہے کہ کوٹ ادو شہر کو بجلی کی بہتر فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کی بروقت تکمیل کے لیے صبح کے اوقات میں بجلی شیڈول کے مطابق بند کی جارہی ہے۔ تاہم کوٹ ادو شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا تاثر درست نہیں ہے۔سنانواں فیڈرکی بائی فرکیشن کے سلسلہ میں سٹی،ٹیوب ویل اور سنانواں فیڈرز سے بجلی کی فراہمی صبح چھ تا دس بجے صبح بند کی جارہی ہے۔یہ منصوبہ 30جون تک مقررہ وقت میں مکمل کر لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کالج روڈ اور ٹیوب ویل نمبر 5اور 6 فیڈرز کی بائی فرکیشن،کھمبوں کی تبدیلی اور نئی تاروں کی تنصیب کا کام یکم تا تیرہ جون کے دوران مکمل کیا گیا ہے۔کوٹ ادو ڈویژن میں کئی علاقوں میں فیڈرز اور ٹرانسفامرز کی بیلینسنگ کا کام بھی کیا جارہا ہے۔ ان تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کے لیے بجلی کی بندش ناگزیر ہے تاہم صارفین کی آگاہی کے لئے بجلی بندش کے شیڈول کو الیکٹرانک،پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے مشتہر کیا جارہا ہے۔ کوٹ ادو میں غیر اعلانیہ طور پر کسی فیڈر سے بجلی بند نہیں کی گئی اور میپکو ریجن میں لائن سٹاف کو دوران ڈیوٹی حادثات سے بچانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور ضروری مرمت کے سلسلہ میں باقاعدہ پرمٹ لیکر فیڈرز بند کئے جاتے ہیں۔