کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے جان دینے والے محکمہ صحت کے ہیروز کیلئے فاتحہ خوانی تقریب کا انعقاد

ظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 جولائی2020ء) وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کی صحت کے شعبہ میں خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا اور کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جان دینے والے محکمہ صحت کے دیگر ہیروز کیلئے فاتحہ خوانی کیلئے منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔

اس تقریب کا انعقاد مظفرگڑھ کے نواحی علاقہ روہیلانوالی میں روہیلانوالی ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر حافظ امان اللہ اور ہسپتال کے دیگر ڈاکٹروں نے کیا۔مقررین نے ڈاکٹر مصطفی کمال کو شہید کو درجہ دیکر انکے نام سے مظفرگڑھ اور ملتان کے بڑے ہسپتالوں میں وارڈ اور مذکورہ شہروں کے چوراہوں کو انکے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر اقبال ساجد، ڈاکٹر اظہر حسین، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈاکٹر اظہار مہدی، ڈاکٹر کلیم اللہ، محمد آ صف اقبال و پیرامیڈیکل سٹاف کے ممبران بھی موجود تھے۔