مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 01 دسمبر2021ء) ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو فصلوں کی بروقت کاشت کیلئے کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ کھاد کی ذخیروہ اندوزی اور گرانفروشی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کرمداد قریشی میں مختلف کھاد ڈیلروں کے گودام اور سٹاک کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شوکت علی عابد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر شوکت علی عابد کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور حکومت کے مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت پر کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔