مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 جولائی2022ء) ڈی پی او مظفرگڑھ کیپٹن(ر)طارق ولائت نے رنگپور کے رہائشی ریٹائرڈ ملازم کے اغوا کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ رنگپور کو فوری طور پر اندراج مقدمہ کا حکم دے دیا،پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او نے کہا ہے کہ اغوا کے وقوعہ کی جگہ کا تعین بعد میں کیا جائے گا،ڈی پی او نے ایس ایچ او تھانہ رنگپور کو متاثرہ خاندان سے رابطہ کر کے ان کہ ہر ممکنہ قانونی راہنمائی کرنے اور مغوی کی برآمدگی کےلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدا یت کی ہے،یاد رہے کہ مظفرگڑھ کی سب تحصیل رنگپور کے چک نمبر 5/4L کے رہائشی ریٹائرڈ ملازم رفیع ولد الیاس مسیح کو 3 جولائی کو خانیوال میں اپنے کسی عزیز کی شادی میں شرکت کے بعد واپسی پر کچھ افراد نے اغوا کر لیا تھا،پولیس تھانہ رنگپور نے اغوا خانیوال میں ہونے کی وجہ سے مغوی کی ہمشیرہ ارشاد بی بی کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے سے انکار کرتے ہوئے صرف رپٹ درج کر لی تھی،مغوی کی ہمشیرہ کے مطابق اغوا کاروں نے زنجیروں میں جکڑے ہوئے مغوی پر تشدد کی وڈیو اہل خانہ کو بھیج کر 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے، ،ارشاد بی بی نے رنگپور پولیس پر معاملے میں دلچسپی نہ لینے کا الزام لگاتے ہوئے ڈی پی او مظفرگڑھ اور پولیس کے اعلی حکام سے بھائی کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا تھا جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او نے ایس ایچ او رنگپور کو فوری طور پر مقدمہ درج کر کے متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کرنے اور مغوی کی بازیابی کےلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔