مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 03 جولائی2019ء) ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر نے قومی رضاکاران کا دیرینہ معاملہ حل کرتے ہوئے 50 لاکھ کی خطیر رقم تقسیم کردی۔اعزازیہ تقسیم کرتے ہوئے ڈی پی او صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ بلا شبہ انکی خدمات کے برابر تو ہم نہیں کر پا رہے تاہم ان کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے یہ رقم ضلع بھر کے رضاکاران میں تقسیم کر رہے ہیں،جس سے رضا کاران پولیس کے ساتھ معاون رہ کر عوام کی سکیورٹی امور اور دیگر ڈیوٹیز ایک نئے جذبے سے ادا کرینگے ا ور ان کا اعزازیہ بڑھانے کیلئے بھی ہم عملی طور پر اقدامات کر رہے ہیں۔اس موقع پر ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے سردار عبدالحئی خان دستی، سردار نیاز خان گشکوری، مہر اعجاز احمد صدر بار کونسل مظفرگڑھ، ایس پی انوسٹی گیشن چوہدری سجاد احمد گجر، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز سعد اللہ خان اور انسپکٹر مہر عبدالستار کے ہمراہ تفتیشی افسران کے 30 لاکھ روپے کے تفتیشی فنڈز ،10 لاکھ کے قریب ٹی اے ڈی اے بلز، 3 لاکھ کے میڈیکل فنڈز کی مد میں اور 50 لاکھ قومی رضاکاران میں اعزازیہ تقسیم کیا۔
اس تقریب کے بعد ڈی پی او دفتر میں صحافی برادری نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور صحافی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی، دفتر پولیس میں تقریب کے بعد ڈی پی او صادق علی ڈوگر معزز مہمانان گرامی اور صحافی دوستوں کے ہمراہ تھانہ سٹی مظفرگڑھ پہنچے،جہاں انہوں نے مشیر وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وومن ڈیسک اور مصالحتی کمیٹی کے دفتر کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر ڈی پی او صادق علی ڈوگر نے معزز پارلیمنٹیرین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ تھانہ میں جو بھی خاتون کسی مسئلہ کیلئے آئیگی وہ وومن ڈیسک میں خواتین پولیس افسران سے ملاقات کریگی جہاں وہ مکمل آزادی کے طور پر اپنا مسئلہ بتائے گی،جس پر خواتین پولیس افسران اس کو اس حوالے اس کو مکمل آگاہی دینگی اور قانونی امداد مکمل فری فراہمی یقینی بنائیں گی اور ان کے جائز مسئلہ کے حل ہونے تک ان کے ساتھ رابطے میں رہینگی۔ڈی پی او کا مصالحتی کمیٹی کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ حکومت پنجاب کا بہترین پراجیکٹ ہے جس میں مقامی لوگ کسی بھی قانونی کارروائی میں دونوں فریقین میں مصالحت کروائیں گے جس تھانوں اور عدالتوں میں دباؤ کم ہو گا اور عوام کے مسائل فوری طور اچھی شہرت کے حامل ان کے اپنے ہی لوگ حل کرادیں گے۔ڈی پی او کا کہنا تھا مظفرگڑھ پولیس کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے کر عوامی و سماجی نمائندوں سے ملکر سماج دشمن عناصر کے خاف بر سر پیکار ہے۔