مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 مئی2018ء) چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، مظفرگڑھ محمد سلیم نے ڈسٹرکٹ جیل مظفر گڑھ کااچانک دورہ کیا،سینئر سول جج، مظفرگڑھ، شکیل احمد ان کے ہمراہ تھے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل اطہر جان ڈار، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد نازک شہزاد اور دیگر آفیسران ڈسٹرکٹ جیل مظفرگڑھ بھی موجودتھے۔دوران انسپکشن فاضل جج نے تمام جیل کا تفصیلی دورہ کیا ، اسیران سے فرداً فرداً اٴْن کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا، جیل ہسپتال اور کچن کا وزٹ کیا ، صفائی اور کھانے کے معیار کو سراہا۔ ملاقات شیڈ میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے اسیران کے لواحقین سے مسائل دریافت کئے،04معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث حوالاتیوں کو ذاتی مچلکہ پر رہائی کا حکم صادر فرمایا۔