مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 18 مارچ2020ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ صہیب احمد رومی نے ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین، ڈی پی او سید ندیم عباس اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر مہر اقبال کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل مظفرگڑھ کا معائنہ کیا، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل عامر عمر قریشی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل راؤ ندیم اقبال بھی موجود تھے، ڈسٹرکٹ جیل میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صہیب احمد رومی نے بتایا کہ جیل میں آنے والے نئے قیدیو ں کو ایک علیحدہ بیرک مختص کی گئی ہے جس کو قرنطینہ کا درجہ دیا گیا ہے، جس میں نئے آنے والے قیدیوں کو 14دن کیلئے رکھا جائے گا،جن کے لئے علیحدہ علیحدہ تھرمامیٹر ہونگے، ابتدائی علامات ظاہر ہونے پر متاثر قیدی کو دوسرے قیدیوں سے علیحدہ کردیا جائے گا اور اس کو ایک کمرے میں آئسولیٹ کردیا جائے گااوراس کی اطلاع فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ایم ایس کو دی جائے گی جو اس کے علاج کیلئے اقدامات کریں گے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے مزید کہا کہ قیدیوں کو روزانہ عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائے گا، مجسٹریٹ درجہ اول چوہدری محمد عرفان ڈسٹرکٹ جیل کا روزانہ وزٹ کریں گے اور معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کریں گے، رونمائی کے قیدیوں کی تاریخ جیل میں ہی مقرر کی جائے گی، سپرنٹنڈنٹ جیل قیدیوں کے وارنٹ متعلقہ عدالتوں میں پیش کریں گے جہاں سے پیشی کی تاریخ مقرر کی جائے گی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صہیب احمد رومی، ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین، ڈی پی او سید ندیم عباس اور ایم ایس ڈاکٹر مہر اقبال نے مختلف بیرکوں، باورچی خانے اور جیل ہسپتال کا معائنہ کیا، کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے کئے جانے والی انتظامات پر ایم ایس ڈاکٹر مہر اقبال نے اطمینان کا اظہار کیا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صہیب احمد رومی نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث 35 قیدیوں کی رہائی کے احکامات بھی جاری کئے۔