مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔15مارچ۔2013ء) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے تمام الزامات کو پس پشت ڈال کر عوام کی خدمت کی۔ کسی سے بھیک مانگ کر نہیں،اپنے بل بوتے پر سرائیکیوں کی محرومیاں ختم کریں گے۔وزیر خارجہ حنا ربانی کھر مظفر گڑھ میں مظفر کینال کی پختگی اور سیم نالے کے قیام کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسے سے خطاب کررہی تھیں۔انہوں نے کہا 5 سال کے دوران حکومت پر تہمتیں لگائی گئیں لیکن اس نے عوام کی خدمت پر توجہ مرکوز رکھی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گرد نہیں،پیار کرنے والے لوگ بستے ہیں میں نے پوری دنیا میں یہ بتایا کہ پاکستان دہشت گردوں کا ملک نہیں۔یہاں پیار کرنے والے لوگ بستے ہیں۔جلسے سے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے بھی خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر کے نظریات کا پرچار جاری رکھے گی۔اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں ،عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔محترمہ کو دل و دماغ سے جدا نہیں کیا جاسکتا،ان کے نظریات کا پرچار کرتے رہیں گے۔غریبوں کی تنخواہیں دگنی کریں گے۔ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں عوام کی خدمت کریں گے۔