مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 جون2020ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا جعلی ڈرنک مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹریاں سیل کر دیں۔ فوڈ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ملک عطاء الحق کھوکر کی نگرانی میں سوڈا واٹر فیکٹریوں پر چھاپے مار کرمعروف برانڈز کی 1092مس برانڈڈ بوتلیں،کیمیکل ڈرمز، فلنگ مشینزاور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ مظفرگڑھ میں اشرف سوڈا واٹر،عثمان سوڈاواٹر،عمران سوڈاواٹرفیکٹری پر چھاپہ مارا گیا۔عرفان میمن کے مطابق مس برانڈنگ،جعلی لیبلنگ، کیمیکل ڈرمز، مصنوعی میٹھے کے استعمال،لائسنس نہ ہونے اور صفائی کی ابتر صورتحال پر فیکٹریوں کو سیل کیا گیا اور عثمان سوڈاواٹر پروڈکشن لیبلنگ نہ کرنے پرسربمہر کر دیا گیا۔اشرف سوڈاواٹرکیمیکل زدہ ڈرمز میں سوڈاسٹور کرنے پر سیل کر دی گئیں،عمران سوڈاواٹرفیکٹری کوفلٹریشن پلانٹ نہ ہونے پرسیل کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ بغیر منظور شدہ فارمولے کے تیار جعلی ڈرنکس معدے کے السر اور کینسر جیسی امراض کی وجہ بنتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کاربونیٹیڈڈرنکس کی نسبت گھر میں تیار کردہ فریش جوسز کے استعمال کو ترجیح دیں انہوں نے کہا کہ خوراک میں جعل سازی کرنے والے صحت دشمن عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔