مظفر آباد(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 05 فروری2020ء) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ فطرت نے کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ایسے رشتے میں منسلک کر دیا ہے کہ یہ دونوں خطے ایک دوسرے کے لئے جسم و جان کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر داخلہ نے آزاد جموں کشمیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیربنا کر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈاکٹرمصطفی بشیر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیا ز رانا، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون ودیگر اگر افراد نے شرکت کی۔موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کا وجود کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور کشمیری عوام بھی پاکستان کو اپنی منزل مراد سمجھتے ہیں 5 فروری کو دراصل کشمیری اور پاکستانی عوام مل کر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ حالات کوئی بھی صورت اختیار کریں یہ رشتہ نہ صرف برقرار رہے گا بلکہ اس میں مزید مضبوتی آتی جائے گی تاریخ کے جھروکوں میں جھانکنے سے یہ پتہ چلتا ہے کہ 71 سال قبل خون کی جو قربانی کشمیر کے اس حصے میں دی گئی تھی جسے آزادکشمیر کہا جاتا ہے آج بھی اس کے تسلسل میں مقبوضہ کشمیر کا ذرہ ذرہ شہدائے آزادی کے خون کی یاد دلاتا ہے تحریک آزادی کشمیر دراصل جہد مسلسل ہے اور لگاتار قربانیوں کی ایک ایسی داستان ہے جس کا ہر ورق خون شہدا کی روشنائی سے لکھا گیا ہے قربانیوں کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ساری ریاست آزادی کی نعمت سے بہرہ ور ہوکر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتی۔