مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26 جنوری2023ء) وفاقی وزیر مملکت و رکن قومی اسمبلی مہر ارشاد احمد سیال نے مظفرگڑھ شہر کے مضافات میں بستی بھیمہ میں 52 لاکھ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والی ٹف ٹائل روڈ کے منصوبے کا معائنہ کیا،اس موقع پر انہوں نے ٹھیکیدار ملک مجاہد حسین کو سڑک جلد مکمل کرنے کی ہدائت کی،وفاقی وزیر مملکت کی بھیمہ آمد پر علاقے کی سماجی اور سیاسی شخصیت مہر اشفاق احمد سیال نے معززین علاقہ کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا اور بھیمہ میں ترقیاتی کام کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر مہر اشفاق سیال اور سیال برادری کے دیگر معززین نے کہا کہ بستی بھیمہ کثیر آبادی پر مشتمل علاقہ ہے لیکن اسے ہمیشہ نظرانداز کیا گیا اور یہاں کبھی ترقیاتی کام نہیں کرائے گئے، سڑک نہ ہونے کی وجہ سے اہالیان علاقہ کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، پی ڈی ایم کی حکومت میں وفاقی وزیر مملکت مہر ارشاد احمد سیال نے یہاں کے لوگوں کی تکالیف کا احساس کرتے ہوئے سڑک بنوائی ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو بہت سہولت میسر آئے گی، وفاقی وزیر مملکت نے پرتپاک استقبال پر معززین علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کی تکالیف دور کر کے انہیں سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کا احساس ہے اور وہ مہنگائی کنٹرول کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، انہیں قوی امید ہے کہ بہت جلد مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدائت پر اور ان کی قیادت میں عوام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی تکالیف کم کرنے کے مشن پر کام کر رہے ہیں۔