مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 جون2017ء)عیدالفطرکے موقع پر کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو1122 مظفرگڑھ کے تمام سٹاف کی عید کی تعطیلات منسوخ کر کے ایمرجنسی ڈیوٹیز لگا دی گئی ہیں تاکہ عید کے دوران مظفرگڑھ کی عوام کو کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں 24 گھنٹے بلا تعطل سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس بات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ارشادالحق نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ نماز عید کے موقع پر نماز عید کے تمام بڑے اجتماعات پر ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کی ریسکیو پوسٹس بنائی جائیں گی جن پر ریسکیو اہلکار نماز کے دوران اپنی ڈیوٹیز سر انجام دیں گے اسکے علاوہ ایمرجنسی رسپانس ٹائم کے پیش نظر شہر کی مختلف جگہوں پر پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں جن پر ایمرجنسی فائر وہیکلز اور ایمبولینسز کو ٹھہرایا جائیگا تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں جلد از جلد رسپانس کیا جا سکے،پیشنٹ ریفرل سروس کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہسپتال سے ہسپتال مریضوں کی منتقلی کیلئے ریسکیو1122 کی ایمبولینسز اور عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر موجود ہے اور مریضوں کو بلا تاخیر ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے اپنے سٹاف سے مخاطب ہوتے ہوے کہا کہ ایک ریسکیور کی اولین ترجیح دکھی انسانیت کی خدمت ہے اور ایک ریسکیور اسی خدمت میں خوشی محسوس کرتا ہے۔