ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز مظفر گڑھ سے خانپور جانے والی ایک مسافر بس مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقے حمزہ والی میں سامنے سے آنے والے ایک آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر خوف ناک تھا کہ آئل ٹینکر کی ایک سائیڈ بس کی دوسری سائیڈ میں دھنس گئی۔ ڈی ایس پی جتوئی رفیع اللہ خان نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 20 افراد ہلا ک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں ۔ حادثے کے بعد جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے علی پور اور ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہاہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔