مظفر گڑھ(اُمظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔27جنوری۔2013ء) پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی نے چارج لینے کیلئے آنیوالے ایس ڈی او آر آر ای کنسٹرکشن مظفر گڑھ کی مبینہ پٹائی کر دی۔ سابقہ اور نیا ایس ڈی او دونوں تبدیل جمشید دستی نے اجازت کے بغیر تبادلے کر نے پر پراجیکٹ ڈائریکٹر کی سر زنش کی، بد عنوان افسر کو اپنے حلقہ میں تعینات نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے کہاکہ شکیل احمد اچھی شہرت کا حامل نہیں تھا اس لئے انہیں تبدیل کردیاگیا، جمشید دستی کاموقف۔ تفصیلات کے مطابق پراجیکٹ ڈائریکٹر آر آر ای کنسٹرکشن میپکو ملتان نے سب ڈویژنل آفیسر آر آر ای اواپڈا مظفر گڑھ ذاکر حسین کو تبدیل کر دیا اور اس کی جگہ لائن سپرٹنڈنٹ سے ترقی پانے والے ایس ڈی او چوہدری شکیل احمد کو مظفرگڑھ تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے۔نئے ایس ڈی او شکیل احمد چارج لینے کیلئے دفتر پہنچے تو ذاکر حسین مقامی ایم این اے جمشید دستی کے پاس پہنچ گئے۔ جس پر جمشید دستی نے شکیل احمد سے کہاکہ وہ یہاں چارج لینے کی بجائے واپس چلے جائیں جس پردونوں میں تکرار ہوئی اور ممبرقومی اسمبلی مشتعل ہوگئے جس پر انہوں نے طیش میں آکر مبینہ طورپر شکیل احمد کو تھپڑ دے مارا اور انہیں دفتر سے باہر نکال دیا۔اس کے بعد جمشید دستی نے اجازت کے بغیر تبادلے کر نے پر پراجیکٹ ڈائریکٹر کی سر زنش کی جس کے بعد چوہدری شکیل احمد کو ایس ڈی او آپریشن ڈیرہ غازی خان سب ڈویژن اور ذاکر حسین کو روہیلانوالی میں تعینات کردیاگیا۔ ایس ڈی او آر آر ای کنسٹرکشن کا اضافی چارج عبدالواحد بھٹی کو دے دیاگیا۔ دریں اثناء صحافیوں کے رابطہ کرنے پر ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہاکہ ایس ڈی او پر مبینہ تشدد کی بات غلط ہے تاہم وہ کسی کرپٹ، بد عنوان افسر کو اپنے حلقہ میں تعینات نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہاکہ شکیل احمد اچھی شہرت کا حامل نہیں تھا اس لئے انہیں تبدیل کردیاگیا۔