مظفر گڑھ۔16اکتوبر (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 16 اکتوبر2021ء) :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ بڑے عقیدت و احترام اور شایان شان طریقہ سے منایا جارہا ہے، تمام طبقہ فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے اپنے انداز میں حضرت محمدﷺ سے اپنے محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
یہ بات انہوں نے جشن عید میلاد البنی ﷺ کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سی ای او تعلیم سید کوثر بخاری، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سلیم احمد، سول ڈیفنس آفیسر سیدہ سحرش ارشاد، مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیدار طارق شریف، محی الدین، غلام علی بخاری بھی موجود تھے۔ اے ڈی سی جی احسان الحق نے بتایا کہ 12ربیع الاول کی مرکزی تقریب ضلع کونسل کے جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی جس میں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا سمیت ضلعی محکموں کے افسران، سول سوسائٹی، علماء ومشائخ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔
اجلاس میں طارق شریف، تحصیل جتوئی سے مفتی عابد شفیع، تحصیل کوٹ ادو سے عبدالرشید نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ محفل میلاد کے سلسلے میں جلسے اور جلوسوں کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے معقول انتظامات کئے گئے ہیں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا ہے انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر ہم مطمین ہیں۔