مظفرگڑ ھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 24 اگست2022ء) سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں جو سہولیات فراہم کررہی ہے اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں ۔یہ بات انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو، دیہی مرکز صحت سنانواں اور بنیادی مرکز صحت محمود کوٹ کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف وارڑوں میں فراہم کی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا، ہسپتال میں داخل مریضوں اور ان کے ساتھ تیمارداروں سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا، سیکرٹری صحت نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو میں ڈائیلاسز سنٹر میں ضروری انجکشن بازار سے منگوانے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او صحت مظفرگڑھ ڈاکٹر محمد فیاض اور ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو کو ہدایت کی کہ فوری طور پر متعلقہ ادویات کا انتظام کیا جائے اور حکومت پنجاب کی ہدایت کی مطابق ہسپتال میں داخل مریضوں کو تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں اور ہسپتالوں سمیت تمام مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری کو موثر بنایا جائے اور عام آدمی کو بلا امتیاز تمام دستیاب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
سیکرٹری صحت نے ضلع میں جاری انسداد پولیو مہم کا بھی معائنہ کیا اور فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے 5سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذور ی سے بچائیں۔