مظفرگڑھ کے بنیادی مراکز صحت کو ایمبولینس فراہم کردی،ڈپٹی کمشنر

مظفر گڑھ۔7 فروری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 فروری2018ء)ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کررہی ہے ، صوبہ کی عوام کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچارہی ہے ، صحت کے شعبہ میں نئے نئے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں، جن سے عوام کو علاج معالجے کی سہولت اور مفت اعلیٰ معیار کی ادویات میسر آرہی ہیں، یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں زچگی کے وقت خواتین کو ہسپتال لانے اور واپس گھر لے جانے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ضلع کے 12بنیادی مراکز صحت کو ایمبولینس فراہم کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ان ایمبولینس سے ضلع بھر میں حاملہ خاتون کو زچگی کے وقت ان کے گھر سے متعلقہ بنیادی مرکز صحت تک مفت سروس فراہم کی جائے گی، اور کسی بھی پیچیدگی کی صورت میں ان کو ٹی ایچ کیو یا ڈی ایچ کیو تک بھی سروس مفت فراہم کی جائے گی، اس کے علاوہ 5سال تک کی عمر کے بچوں کو ہیضہ اورنمونیا کی صورت میں بھی ہسپتال پہنچانے کی سروس فراہم کی جائے گی، ۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے بتایا کہ ضلع میں 7ایمبولینس پہلے کام کررہی ہیں اب ضلع کو مزید12ایمبولینس فراہم کی گئی ہیں، انہوں نے بتایا کہ ٹول فری نمبر1034پر حاملہ خاتون کو رجسٹرڈ کیا جاتا ہے اور زچگی کیلئے ایمنولینس کی سروس مفت فراہم کی جاتی ہے ، ضلع میں اب تک9ہزار672حاملہ خواتین کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے ، جبکہ 1230خواتین کو فری ایمبولینس کی سہولت فراہم کی جاچکی ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ 12ایمبو لینس چک فرازی، ٹھٹھہ قریشی، کھر غربی، شریف چھجڑا، موچی والہ، تونسہ بیراج، لسوڑی، واندڈ، محمود کوٹ، چک 518/TDA، بیت میر ہزار اور میراں کے بنیادی مراکز صحت کو فراہم کی جارہی ہیں، جہاں پر زچگی کے لئے 24گھنٹے سہولت دستیاب ہے اور لیڈی ڈاکٹر اور سٹاف موجود ہوتا ہے، ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر محمد عمران کو ایمبولینس کی چابیاں حوالے کیں، اس موقع پر ڈی ایچ اوڈاکٹر سلیم اکبر لغاری، ڈاکٹرمحمد اقبال مکول، ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر فرحان ہاشمی، ڈاکٹر امیر بخش، ڈاکٹر کاظم حسین، ڈاکٹر محبوب اور ڈاکٹر محمد احسن موجود تھے۔