مظفرگڑھ میں1320میگاواٹ پیداوار کے حامل 2کول پاور پلانٹس کی تنصیب کیخلاف جمشید دستی کا وزیر اعظم کو خط

مظفرگڑھ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی ۔۔31 دسمبر۔2015ء) جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں1320میگاواٹ پیداوار کے حامل 2کول پاور پلانٹس کی تنصیب کیخلاف جمشید دستی نے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کول پاور پلانٹ کے منصوبے کسی اور مقام پر منتقل کیے جائیں۔وزیر اعظم میاں نواز شریف کو لکھے گئے خط میں آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا کہنا ہے کہ مظفرگڑھ میں پہلے ہی تھرمل پاور پلانٹس موجود ہیں جس سے 3700میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ، اب محمودکوٹ کے علاقے میں1320میگاواٹ کے مزید2کول پاورپلانٹس لگانے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے علاقے میں جلدی امراض اور کینسرکا مرض تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے۔خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اگر پاور پلانٹ کے منصوبے ختم نہ کیے گئے تو پاور پلانٹس کی تنصیب کی سخت مزاحمت کی جائیگی۔