مظفرگڑھ میں ڈھائی کروڑکی غیرملکی شراب سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 02 جولائی 2021ء) : ضلع مظفرگڑھ میں ڈھائی کروڑ کی غیر ملکی شراب سے بھرا ٹرک پکڑا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مظفرگڑھ میں پولیس تھانہ سرورشہید نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈھائی کروڑمالیت کی غیرملکی شراب کا پورا ٹرک پکڑ لیا۔ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ ڈی ایس پی کوٹ اڈو نے کہا کہ انتہائی مہنگی شراب کی 1280 بوتلیں برآمد کی گئی ہیں، شراب کوئٹہ سے ملتان لے جائی جارہی تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ وفاقی دارالحکومت میں ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے شراب کی بڑی کھیپ اور ملزمان پکڑ لیے ۔ ملزمان ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرتے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں پولیس نے ایک ایسا ٹینکر پکڑا جو شراب سے بھرا ہوا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹینکر میں 25 ہزار سے زائد لیٹر شراب موجود تھی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان پٹرول کی آڑ میں اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، لاہور اور خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں شراب سپلائی کرتے تھے۔ پولیس کے ذمہ دار ذرائع سے بتایا کہ شراب سے بھرے ہوئے ٹینکر کے علاوہ 13 ٹینکیاں، تین موٹرسائیکلیں اور ایک رکشہ بھی پولیس نے قبضے میں لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان پٹرول سپلائی کرنے والے ٹینکر کے ذریعے مظفر گڑھ سے شراب منگواتے اور گاہکوں کو فراہم کرتے تھے۔ گرفتار کیے جانے والے 8 ملزمان کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر لیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ کے مہینے میں لاہور میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن میں ایک مقامی مسجد کے کوارٹر میں شراب بنانے کا انکشاف ہوا ، اس گھناؤنے کام میں ملوث ملزم نعیم عرف نبوں نے جامعہ مسجد حنفیہ غوثیہ کیر کلاں گاؤں کا کوارٹر کرائے پر لے رکھا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔