مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 06 ستمبر2021ء) مظفرگڑھ میں مبینہ زیادتی کا شکار خاتون سب انسپکٹر کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت ہوا ہے۔مظفر گڑھ میں ہفتے کی رات تھانہ صدر اور سٹی کے سامنے سے لیڈی سب انسپکٹر کو اغوا کیاگیا تھا اور ملزم نے خاتون سب انسپکٹر کو باغ میں لے جاکر تشدد اور مبینہ زیادتی کانشانہ بنایا تھا۔
خاتون سب انسپکٹر کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی جس میں سب انسپکٹر پر تشدد ثابت ہوا ہے۔ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق خاتون سب انسپکٹر کی پیشانی، ہونٹوں اور انگوٹھے پر زخم کے نشانات ہیں، شادی شدہ متاثرہ سب انسپکٹر 5 ماہ کی حاملہ ہے۔ رپورٹ میں زیادتی کے معاملے کی تصدیق کیلئے نمونے فارنزک ٹیسٹ کیلئے بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے۔پولیس کی جانب سے کیس میں گرفتار ملزم کاشف کو علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیاگیا جہاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔