مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 17 اکتوبر 2021ء ) صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع ضلع مظفرگڑھ کے ایک گھر میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 7افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ ضلع مظفرگڑھ کے علاقہ پیر جہانیہ میں پیش آیا ، جہاں آگ لگنے کے باعث جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں ، تمام جھلسنے کے باعث انتقال کرنے والے افراد کی میتوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مظفر گڑھ میں آگ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا اور کمشنر ڈیرہ غازی خان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل انکوائری کر کے آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
ادھر ملتان میں چارجنگ پر لگے موبائل فون کی وجہ سے خاتون جُھلس گئی ، ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں موبائل چار جنگ کے دوران کرنٹ لگنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں خاتون جھلس کر زخمی ہوگئیں ، شجاع آباد کی رہائشی ایک خاتون سعدیہ بی بی گھر میں اپنے موبائل چارجر سے موبائل چارج کرنے لگیں تو انہیں کرنٹ لگا جس سے ان کے کپڑوں میں آگ لگ گئی ۔ پولیس نے بتایا کہ کپڑوں کو آگ لگنے سے سعدیہ بی بی جُھلس گئی جس پر انہیں فوری طور پر متاثرہ خاتون کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال شجاع آباد منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے نشتر اسپتال بھجوا دیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔