مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 جنوری2020ء) ڈی پی او مظفرگڑھ ندیم عباس نے کہا ہے کہ وکلاء اور پولیس نے گزشتہ سال بہترین کوارڈینیشن کے تحت شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں اپنا اپنا بہترین کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرگڑھ بار کیطرف سے سابقہ عہدیداران کے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بار اور پولیس نے بہترین کوارڈینیشن کے تحت شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی میں اپنا اپنا بہترین کردار ادا کیا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ اس سال پولیس کا بار کے عہدیداران کے ساتھ اچھا تعلق رہا اور عہدیداران کی نشاندہی پر وکلاء کے ذاتی مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے گئے۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا آئندہ سال بھی وکلاء جن کو بھی اپنا نمائندہ منتخب کرینگے اسی طرح ان کے ساتھ بہترین کوارڈینیشن قائم کرتے ہوئے شہریوں کو بلاتعطل انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرگڑھ صہیب رومی، ممبران پنجاب بار کونسل اور عہدیداران بار کے ساتھ وکلاء کی کثیر تعداد شامل تھی۔