مظفرگڑھ۔اقوام متحدہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لیئے اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل کرائے، مخدوم باسط سلطان بخاری

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 28 اگست2019ء) ڈیڑھ ارب مسلمان اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، بدقسمتی سے اقوام متحدہ نے ہمیشہ طاقتور ملکوں کا ساتھ دیا ہے، اب وقت آگیا ہے اقوام متحدہ اپنی پالییسیوں پر نظرثانی کرے اور مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لیئے اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عمل کرائے، ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء رکن قومی اسمبلی مخدوم سید باسط سلطان بخاری نے شہر سلطان میں سابق کونسلر ملک بشیر احمد سیال کی عزیزہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ کشمیر کی فیصلہ کن پالیسی کا وقت آن پہنچا ہے مودی کا کشمیر میں آرٹیکل 370 کو معطل کر کے اور کشمیر میں اپنی فوج داخل کر کے مودی نے سنگین غلطی کی ہے اورکشمیر کے لوگوں کو آزادی کا تاریخی موقع فراہم کردیا ہے، کشمیر بہت جلد انڈیا کے شکنجہ سے آزاد ہوگا، وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر محاز پر کشمیریوں کا کیس لڑے گی، پوری قوم کشمیر کے مسئلہ پر ایک پیج پر ہے۔ بعد ازاں مخدوم سید باسط سلطان بخاری نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر ندیم عباس کی بیوی کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔