مظفرگڑھ، یوم قائدکے حوالے سے جناح آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 25 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ یہ ملک پاکستا ن ہماری جنت ہے،ہماری عزت ہے اور اس کی عزت کی پاسداری کیلئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے، اس کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر یہاں علم کی شمع روشن کرنی ہے، امن قائم کرنا ہے اور اس کی خوشحالی کیلئے تسلسل سے کام کرنا ہے، دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور اس کو قائد کا پاکستان بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح آڈیٹوریم ضلع کونسل مظفرگڑھ میں یوم قائد اعظم محمد علی جناح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی پی اور سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، سی ای او تعلیم مسعود ندیم بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئی دنیا کی تلاش میں ہم نے سچ کا راستہ اپنانا ہے، اپنے اخلاق کو بہتر بنانا ہے، دوسروں کے ساتھ بھلائی اس کا حق سمجھ کر کرنی ہے، دوسروں کو حق دینا شروع کردیں گے تو اپنا حق ملنا شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے طلباء سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم بڑی طاقت ہے ہم نے علم سے ذریعے آگے بڑھنا ہے۔ تقریب میں سکولوں طلباء و طالبات نے اپنی تقاریر میں قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی اوران کے کارناموں پر روشی ڈالی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں ضلعی انتظامی افسران، اساتذہ، طلباء وطالبات کی کثیر تعداد سمیت ضلعی صدر انجمن تاجران امیر حسن، صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری تاجران شیخ عامر سلیم اور معززین شہر نے شرکت کی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر امجد شعیب خان ترین اور ڈی پی اوسید ندیم عباس نے راولے والا کے گرجا گھر میں کرسمس کی تقریب میں بھی شرکت کی اور مسیح برادری کو کرسمس کی مبارک باد دی۔علاوہ ازیں ضلع بھر کے دیگر سرکاری سکولوں، سرکاری اداروں میں بھی یوم قائد کی تقریبات منعقد کی گئیں۔